ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / فرید آباد: پٹاخے جلانے پر تنازع، بزرگ شخص کو پیٹ کر قتل کر دیا گیا

فرید آباد: پٹاخے جلانے پر تنازع، بزرگ شخص کو پیٹ کر قتل کر دیا گیا

Sun, 03 Nov 2024 11:54:35  SO Admin   S.O. News Service

فرید آباد، 3/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) فرید آباد کے سیکٹر 18 علاقے میں پٹاخے جلانے کے معاملے پر ہونے والی لڑائی میں ایک بزرگ شخص کو پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔ مرحوم کی عمر تقریباً 65 سال تھی۔ پولیس کو اطلاع ملتے ہی وہ فوری طور پر موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ متاثرہ خاندان کی شکایت پر پولیس نے ملزمان کے خلاف مختلف قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کو دی گئی شکایت میں متوفی کے بیٹے ونود رائے نے بتایا کہ وہ اپنے والد کے ساتھ سیکٹر 18 میں رہتا ہے۔ دیوالی کی رات، وہ ہنگامہ سن کر پونے ایک بجے کے قریب بیدار ہوا۔ اس نے دیکھا کہ پڑوسی دھیرج اور اس کے دوست اس کے والد بچن رائے کو مار رہے ہیں۔ اس کے بعد اس نے کسی طرح اپنے والد کو بچا یا۔

جھگڑے کے بارے میں پوچھنے پر معلوم ہوا کہ پڑوسی دھیرج اور اس کے دوست رات 12.30 بجے اس کے گھر کے باہر پٹاخے پھوڑرہے تھے۔ اس سے تیز آواز اور دھواں نکل رہا تھا۔ اس کے والد دل کے مریض تھے، اس لیے انھوں نے دھیرج اور اس کے دوستوں کو پٹاخے پھوڑنے سے روکا تھا۔ اس سے ناراض دھیرج اور اس کے دوستوں نے اس کے والد کو اکیلا دیکھ کر ان پر حملہ کردیا۔

نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق فرید آباد پولیس کے پی آر او یشپال سنگھ نے بتایا کہ اس معاملے میں دھیرج سمیت تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس ملزمین کو جلد گرفتار کر لے گی۔


Share: